Friday, 10 December 2021

آصف ‏زرداری کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوس ناک ہے، شہباز شریف

 


میاں صاحب کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ ناقابل تردید رہی ہے، صدر مسلم لیگ (ن)   کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نواز شریف کے بارے میں آصف ‏زرداری کے بیان کو افسوس ناک قرار دے دیا۔شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے بیان پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‏زرداری صاحب کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوس ناک ہے، ‏میاں صاحب کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ ناقابل تردید رہی ہے، ‏نواز شریف کو کن حالات میں بیرون ملک جانا پڑا آپ جانتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  ‏ہمیں ایسے ریمارکس سے گریز کرنا چاہیے  اور ‏سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ لاہور میں حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی خوشی میں 6 دسمبر کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  آصف علی زرداری نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے ان سیاسی مخالفین سے ہر جگہ لڑیں گے جو پاکستان مخالف ہیں،  جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا  اس کا یہاں کیا ہے؟  ’دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے مگر ہم بچائیں گے۔


عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، بلاول

 کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، انہیں معاف نہیں کریں گے۔بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے پر اپنے ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے اشاروں پر بجلی مہنگی کرکے مقامی سے عالمی کٹھ پتلی کا روپ دھار چکے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ نومبر کے بلوں سے بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر پہلے ہی اربوں روپوں سے زائد کا ڈاکا مارا گیا ہے، آج کہاں گئے معاشی ترقی کے وہ بڑے بڑے دعوے؟ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، ہم انہیں معاف نہیں کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف آواز بلند کی، پاکستان پیپلز پارٹی 10 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی، مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے احتجاج کا تسلسل حکومت کے خاتمے تک جائے گا۔


الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر علی امین گنڈاپور پر جرمانہ عائد

 

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر علی امین گنڈاپور پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ بلدیاتی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو مہنگی پڑگئی، الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔الیکشن کمیشن نے انہیں جرمانے کی رقم جمعہ تک سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور وفاقی وزیر کو آئندہ ضابطہ اخلاق پر عمل کی سخت تنبیہ بھی کر دی۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہلی کی کارروائی بھی شروع ہوسکتی ہے۔

عالمی وبا کورونا کا خاتمہ کب ہوگا اور یہ فیصلہ کیسے ہوگا؟

 س وبا کی شروعات کیسے ہوئی، کب اختتام پذیر ہوگی اور ہر ملک پر اس کے اثرات ایک دوسرے سے کتنے مختلف ہیں؟، ان سوالوں کا جواب اتنا بھی سیدھا اور آسان نہیں ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی چیف ڈاکٹر مائیکل ریان کا کہنا ہے کہ بات محض کورونا کیسز کی تعداد کی نہیں بلکہ اس کی شدت اور اس کے اثرات کی ہےجنوری 2020 میں ڈبلیو ایچ او نے کوروناوائرس کو عالمی صحت کا بحران قرار دیا تھا۔ کچھ مہینوں بعد اقوام متحدہ نے اسے عالمی وبا کے طور پر بیان کیا۔ اس وقت یہ وائرس تقریباً دنیا کے ہر براعظم میں پہنچ چکا تھا۔غالب امکان یہی ہے کہ کورونا کا خطرہ اسی وقت ٹلے گا جب ڈبلیو ایچ او فیصلہ کرے گا کہ اب دنیا کو کوروناوائرس سے کوئی خطرہ نہیں۔ڈیوک یونیورسٹی میں متعدی بیماریوں کے ایکسپرٹ ڈاکٹر کرس وُڈ نے کہا، “ایسا فیصلہ اتنا آسان بھی نہیں ہوگا کہ ایک دن میں کہہ دیا جائے کہ کوروناوائرس ختم۔ اس حوالے سے عالمی سطح پر متفقہ رائے ہونا مشکل ہے۔ کورونا کے خاتمے کا انحصار ممالک میں کیسز کی شرح میں خاطر خواہ کمی پر ہے۔


بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ

 اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ کردیا۔نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی کے صارفین سے اضافی بوجھ دسمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 60 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے درخواست پر سماعت یکم دسمبر کو ہوئی تھی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی مخلوط ایندھن سے پیداوار کا نتیجہ ایندھن کی 44 ارب روپے اضافی لاگت کی صورت میں نکلا جب کہ 16 ارب روپے کا اضافہ بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا۔

Thursday, 9 December 2021

وزیراعظم سے پہلے ن لیگ نے گرین لائن کا علامتی افتتاح کردیا، احسن اقبال کو ڈنڈا لگ گیا


 ن لیگی رہنما ناظم آباد میں گرین لائن بس منصوبے کے علامتی افتتاح کے لیے پہنچے تو  رینجرز نے گرین لائن کے پل پر ہی جانے سے روک دیا۔ آپا دھاپی اور مارا ماری کے بعد احسن اقبال نے منصوبے کا علامتی افتتاح کسی نہ کسی طرح کر ہی دیا اور  عمران خان کی حکومت پر ریاستی دہشت گردی کا الزام بھی لگا دیا۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کو حملہ آور ہونے کا حکم دیا گیا ، کراچی کی گرین لائن بس کا منصوبہ ن لیگ کا تھا ، 90 فیصد کام بھی ن لیگ نے مکمل کیا تھا ، عمران خان کس منہ سے گرین لائن کا افتتاح کرنے آرہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہناہے کہ ڈنڈا لگنے سے ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے، وہ کراچی کی عوام کی طرف سے منصوبے کی تکمیل پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتےہیں۔خیال رہے کہ کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد ن لیگ کے دور میں اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے رکھا تھا جس کی آزمائشی سروس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی آکر کریں گے۔

پریانتھا کمارا کی کولمبو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

 سانحہ سیالکوٹ میں بے دردی سے قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی کولمبو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی۔مقتول کی والدہ اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال، بھائی نے پریانتھا کی موت کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔پریانتھا کمارا قتل کیس میں شاملِ تفتیش 34 ملزمان کو لاہور فارنزک سائنس لیبارٹری میں پیش کردیا گیا، ملزمان کا فارنزک ٹیسٹ کیا جارہا ہے، فوٹو گرافک ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔وڈیو میں موجود افراد کے چہروں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار کے وفد نے سینیٹر علی ظفرکی قیادت میں سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ سپریم کورٹ بار ایک وکیل مقرر کرے گی جو پریانتھا کیس کی نگرانی کرے گا۔

واقعے کا پس منظر

3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔


شادی کے بعد کترینہ نے پہلا پیغام اور تصاویر جاری کردیں

 بالی وڈ میں باربی ڈول کے نام سے مشہور کترینہ کیف نے شادی کے بعد پہلا پیغام اور تصاویر شیئر کردیں۔کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی آج راجستھان میں انجام پائی جس میں خاندان کے قریبی لوگ، دوست احباب اور کچھ شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

شادی سے قبل مختلف طرح کی خبریں منظر عام پر آرہی تھیں کہ کترینہ کیف نے اپنی شادی کی تصاویر کے حقوق کروڑوں روپے میں فروخت کیے ہیں البتہ اب انہوں نے خود ہی اپنی شادی کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔انسٹاگرام پر جاری تصاویر کے ساتھ شادی کے بعد اپنے پہلے پیغام میں کترینہ کیف نے کہا کہ ’
ہر اس چیز کے لیے ہمارے دلوں میں صرف پیار اور شکر گزاری ہے جو ہمیں اس لمحے تک پہنچانے کا ذریعہ بنی۔ نئے سفر کی شروعات پر ہم آپ سب کی دعاؤں اور محبت کے طلبگار ہیں۔
‘کترینہ کے شوہر وکی کوشل نے بھی بالکل یہی پیغام اپنے انسٹا گرام پر جاری کیا ہے۔خیال رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی جانب سے شادی سے پہلے تک بھی باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا 
تاہم اب کترینہ کیف نے انسٹاگرام پر خود ہی شادی کی تصاویر شیئر کردی ہیں۔

Tuesday, 7 December 2021

غیرت کے نام پر 4 خواتین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا

 رحیم یار خان میں غیرت کے نام پر بھائیوں نے تین بہنوں اور والدہ  سمیت 4 خواتین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اس دوران والد اور ایک بہن بھی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں پولیس کے مطابق لرزہ خیز واردات  کوٹ سمابہ کے علاقے میں پیش آئی جہاں دو چچا زات بھائیوں نے غیرت کے نام پر بندوق کے فائر سے دو  سگی بہنوں 16 سالہ ثمن رند 17 سالہ سلمہ رند  والدہ 40 سالہ نعیمہ رند اور چچا زات 18 سالہ سائرہ رند سمیت چاروں خواتین کو قتل کردیا اس دوران  چوتھی بہن 15 سالہ صدرہ رند زخمی ہوگئی جبکہ بچانے کی کوشش کرنے والا والد شاہد رند بھی زخمی ہوگیا جنہیں شیخ زاید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے قتل وجہ ابھی تک واضع نہیں ہوسکی ہے پولیس نے اقدام قتل میں ملوث دو چچا زات بھائیوں ساجد رند اور سلیمان رند کو حراست میں لے لیا ہے




مشتعل افراد کا کاغذ چننے والی خواتین پر تشدد، برہنہ کرکے ویڈیوز بھی بنائیں

 فیصل آباد: ملت ٹاؤن میں کاغذ چننے والی خواتین پر مشتعل افراد نے تشدد کیا اور برہنہ کرکے ویڈیوز بھی بنا ئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خواتین کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ وہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں کاغذ چننے کے لیے گئی تھیں جہاں چاروں خواتین پانی پینے کے لیے ایک الیکٹرک اسٹور میں داخل ہو ئیں۔پولیس کےمطابق خواتین نے بتایا کہ الیکٹرک اسٹور کے مالک صدام اور تین ملازمین نے انہیں چوری کے الزام میں محبوس بنا لیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اس دوران مزید افراد بھی وہاں آگئے اور تشد د کے دوران انہیں دکان سے باہر بازار میں لے گئے جہاں انہیں برہنہ کر دیا گیا اور ملزمان برہنہ حالت میں ویڈیو بناتے رہے۔پولیس کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے الیکٹرک اسٹور کے مالک سمیت تین ملزمان کو حراست میں لے لیا جب کہ سی پی او فیصل آباد کے حکم پر خواتین کو محبوس بنانے اور تشدد کے الزام میں چار نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔


ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلہ دیش پر 224 رنز کی برتری

 ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز بنگلادیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے۔ چوتھے روز میچ تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کی اننگز سے کھیل کا آغاز ہوا۔ اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔بنگلادیش کی بیٹنگ اننگ کے آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور صرف 76 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ شادمان اسلام نے 3 رنز، محمود الحسن (0)، نجم الحسن 30 ، مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔چوتھے روز میچ کے اختتام پر بنگلا دیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کا کھیل مسلسل بارش کے باعث نہیں ہوسکا۔کھیل کے دوسرے دن بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا، کافی دیر انتظار کے بعد بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے جب کہ وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان بنگلادیش کو وائٹ واش کرچکا ہے۔